Prime Minister of the Islamic Republic of Pakistan message on the occasion of 23 March 2020

23 مارچ 2020 یوم پاکستان کے موقع پر

وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان عمران خان ک

قوم کے نام پیغام

********

23 مارچ ہماری قومی تاریخ کا وہ سنہرا دن ہے جب برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں نے ہندو اکثریت کے ظلم و جبر اور غلامی کی زنجیروں سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے ایک آزاد اور خود مختار مسلم ریاست کے قیام کا فیصلہ کیا-اس روز قائد اعظم کی قیادت میں متحدہ ہندوستان کے مسلمانوں نے اپنی تہذیب و تمدن کے تحفظ، اپنی بقا اور سماجی و معاشی ترقی کے لئے اس بے مثال جستجو کا آغاز کیا جس کے نتیجے میں دنیا کے نقشے پر ایک آزاد و خود مختار مسلم ریاست معرض وجود میں آئی۔

قیام پاکستان کی بدولت بروصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کو اپنے تہذیبی تشخص کو پروان چڑھانے، مذہبی آزادی اور ترقی کے مساوی حقوق میسر ہوئے جو متحدہ ہندوستان کی ہندو اکثریت ان سے سلب کرنے پر تلی تھی۔ گذشتہ ستر سال کے حالات و واقعات ہمارے ا آباء و اجداد کی بصیرت اور سوچ کی وسعت و صداقت کی گواہی دیتے ہیں۔

آج کا دن ہمیں شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے افکار اور بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمودات کی طرف رجوع کرنے کی ترغیب دیتا ہے تاکہ ہم ان مقاصد کا حصول ممکن بنائیں جو قیام پاکستان کے وقت بحیثیت قوم ہمارا نصب العین تھے اور جن کے حصول کے لئے ہمارے اباء و اجداد نے اپنا سب کچھ قربان کیا۔

مجھے یہ کہتے ہوئے نہایت فخر محسوس ہوتا ہے کہ پاکستانی قوم کسی بھی مصیبت اور مشکل کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ اس سال یوم پاکستان مناتے ہوئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد، نظم و ضبط اور جذبے کی ضرورت ہے تاکہ ہم اس آفت کا مقابلہ کرسکیں جس نے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔میں اپنے ہم وطنوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ خوف میں مبتلا نہ ہوں بلکہ حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔ میں بذات خود اس وبا سے مقابلہ کرنے کیلئے حکومتی اقدامات کی نگرانی کر رہا ہوں۔ انشا ء اللہ، ہم اس آزمائش میں کامیاب ہوں گے۔

آج ہم مقبوضہ جموں وکشمیر کے مظلوم عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کرتے ہیں جو 231 دنوں سے اپنی ہی سرزمین پر نہ صرف مقید ہیں بلکہ بھارت کے ریاستی ظلم و جبر کا دلیری سے مقابلہ کر رہے ہیں۔ تنازعہ کشمیر بر صغیر پاک و ہند کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے۔آج کے دن ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کی جدوجہد کی بھرپور اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

اللہ تعالی ہمیں اپنے قومی مقاصد کے حصول میں کامیابی عطا فرمائے اور موجودہ آزمائش میں ہمیں ثابت قدم رہنے کا حوصلہ و ہمت عطا فرمائے۔ آمین۔

٭٭٭٭٭
23 March. 2020

Share the Post:

Related Posts

Ambassador Rizwan Saeed Sheikh meets Rep. Brian Mast, new Chairman of the House Foreign Affairs Committee   

It was great connecting with Congresswoman Maxine Waters

Ambassador Rizwan Saeed Sheikh had a most cordial and productive meeting with Congressman John Rutherford

The Embassy of Pakistan Washington D.C.

will remain closed on
Friday
(29 November, 2024)
on account of
Thanksgiving Holiday